عید کی آمد‘ معمولی نوعیت کے جرائم میں ملوث129 ملزموں کی ضمانتیں منظور

لاہور ( اپنے نامہ نگار سے )   عیدالاضحی کی آمد پر کینٹ کچہری ، ماڈل ٹائون کچہری ، ضلع کچری اور انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں نے129 درخواست ضمانتیں منظور کرتے ہوئے جیلوں میں بند معمولی نوعیت کے مقدمات میں ملوث ملزمان کو رہا کرنے کا حکم دے دیا ۔ عید قربان اپنوں کے ساتھ منانے کے جذبہ کی وجہ سے عدالتوں میں گزشتہ روز 3سو کے قریب درخواست ضمانتیں دائر کی گئی تھیں۔  جج صاحبان نے قانون کے مطابق ملزمان کو ریلیف دیا ۔ضمانتیں منظور ہوتے ہی ملزمان کی طرف مچلکے جمع کرا کے رات گئے تک جیل میں روبکاریں بھیجی جاتی رہیں اور ملزمان کی رہائی کا سلسلہ جاری رہا۔