سنگین وارداتوں میں ملوث ملزموں سمیت 38 گرفتار، اسلحہ، منشیات، مال مسروقہ برآمد

لاہور+ کاہنہ (نامہ نگاران) پولیس نے مختلف کارروائیوں 38 ملزم گرفتار کر لئے بڑی مقدار میں اسلحہ، منشیات، مال مسروقہ برآمد ہوا۔ چوہنگ پولیس نے ڈکیتی کی60 سے زائد وارداتوں میںملوث2 ڈکیت گروہوں کے7 ملزموں کو گرفتارکرکے ان سے لوٹا ہو ا لاکھوں روپے مالیت کا مال اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا ہے ۔ سی سی پی او لاہورکیپٹن (ر)محمد امین وینس کے احکامات پر ایس پی صدر زاہد نواز مروت نے ایس ایچ اوچوہنگ انسپکٹر محمد جاوید صدیق کی سربراہی میں پولیس ٹیم جئی ڈکیت گینگ کے سرغنہ اعجاز عرف جئی اور اس کے 2 ساتھیوں اللہ رکھا عرف رکھو اور عثمان کو گرفتار کرکے ان سے 10موبائل فون، ایک لاکھ روپے نقدی اورناجائز اسلحہ برآمد کیا ہے۔ اسی پولیس ٹیم نے جواد ڈکیت گینگ کے سرغنہ محمدجواد اور اس کے 3ساتھیوں عقیل، فرمان اور جہانگیر کو گرفتار کر کے ان کی نشاندہی پر موٹر سائیکل،ایک لاکھ80ہزار روپے نقدی،10موبائل فونز اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا ہے جبکہ ملزموں کا پانچواں ساتھی محمد کفیل موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پنجاب ہائی وے پٹرول نے6 ڈاکوئوں سمیت مختلف جرائم میں ملوث27 ملزمان گرفتار کر لئے جبکہ 12کلو چرس،2کلو افیون،112لیٹر شراب اور4من مردہ گوشت برآمد بھی کر لیا۔ علاوہ ازیں 6گمشدہ بچوں مریم، مسکان، عمر، رستم، شمشیراور مہوش کو ورثاء کے حوالے کیا۔ کاہنہ انویسٹی گیشن پولیس نے جیرا ڈکیت گینگ کے سرغنہ سمیت چار ملزمان سرغنہ عزیز عرف جیرا، شبیر، نواز اور آصف کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے ایک لاکھ روپے نقدی بھاری اسلحہ اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔