خاوند کے ظلم کا شکار ایک بیٹے کی ماں خلع کیلئے عدالت پہنچ گئی

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) خاوند کے ظلم سے تنگ خاتون طلاق لینے کے لئے عدالت پہنچ گئی۔ سلیمان پارک فیروز پور روڈ کی ماہ جبیں نے سول کورٹ میں خلع کے لئے دعویٰ دائر کیا کہ اس کی شادی 26 اپریل 2007ءکو حفیظ اعوان سے ہوئی۔ اس کے بطن سے ایک بیٹا پیدا ہوا جو اس کے خاوند کے پاس ہے۔ ماہ جبیں نے کہا کہ اس کا خاوند حفیظ اس پر تشدد کرتا ہے وہ مزید اس کے ساتھ نہیں رہ سکتی لہٰذا عدالت اسے طلاق دلائے۔ اس نے عدالت سے مزید استدعا کی کہ اسے 8 تولے زیور بطور حق مہر اور اس کے گھر والوں کی طرف سے دیا جانے والا 6 لاکھ 81 ہزار 2 سو روپے کا جہیز بھی واپس دلایا جائے۔ فاضل عدالت نے نوٹس جاری کر دیئے۔