ہائیکورٹ بار اور دیگر تنظیموں کا 6اگست کو یوم یکجہتی غزہ منانے کا اعلان

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے ملک بھر کی ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشنز کی مشاورت سے ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشنز ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز اور سب ڈویژنل بار ایسوسی ایشن میں 6اگست، بدھ 11بجے دن غزہ کے شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ اور فلسطین کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے احتجاجی اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ لاہور ہائی کورٹ بار کی طرف سے دیگر تمام بارز کو فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے اس پر مکمل عملدرآمد کے لئے کہا گیا ہے۔ شفقت محمود چوہان صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن، عامر جلیل صدیقی، نائب صدر، میاں محمد احمد چھچھر سیکرٹری، میاں محمد اقبال فنانس سیکرٹری اور ممبران لاہور ہائکیورٹ بار ایسوسی ایشن نے اسرائیل کی وحشیانہ بمباری اور بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے غزہ کے معصوم نہتے، بے گناہ شہریوں اور بچوں کی ہلاکت کو وحشی پن قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہذب دنیا کسی صورت برداشت نہیں کر سکتی کہ بے گناہ اور نہتے شہریوں بالخصوص معصوم بچوں کو چن چن کر قتل کیا جائے۔