رائیونڈ سٹی: جائیداد کا تنازع بیٹے نے باپ اور سوتیلی ماں کو قتل کر دیا

رائیونڈ سٹی: جائیداد کا تنازع بیٹے نے باپ اور سوتیلی ماں کو قتل کر دیا

لاہور/ رائیونڈ (سٹاف رپورٹر+ نامہ نگار) رائیونڈ سٹی علاقہ میں جائیداد کا حصہ نہ دینے پر بیٹے نے باپ اور سوتیلی ماںکو قتل کر دیا۔ ملزم کا ڈیڑھ سالہ بھائی احمد فائرنگ کی زد میں آکر شدید زخمی ہو گیا۔ ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس نے لاشیں پورسٹمارٹم کے لئے بجھوا دیں۔ مقدمہ درج کرلیا گیا، گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ رائیونڈ سٹی کے علاقے جیا بگاحویلی والا کھو ہ کے رہائشی پچاس سالہ زمیندار عبدالستار نے ڈھائی سال قبل اپنی بیوی نسیم کے مرنے کے بعد فرزانہ نامی خاتون سے دوسری شادی کر لی تھی، اس کی پہلی بیوی سے اس کے دو بیٹے 17 سالہ مصطفی اور علی جبکہ دوسری بیوی فرزانہ سے ایک بیٹا تھا۔ مصطفیٰ کا اپنے والدکے ساتھ جائیداد کے تنازع اور دوسری شادی کو لے کر اکثر جھگڑا رہتا  تھا جبکہ مصطفی کا والد اپنے بیٹے کے چال چلن کی وجہ سے اس سے تنگ تھا اس لئے وہ اس کے نام جائیداد نہیں کرنا چاہتا تھا۔ گزشتہ روز دونوں باپ بیٹے کے درمیان جائیداد کے بٹوارے پر تلخ کلامی ہو گئی، مصطفیٰ نے طیش میں آ کر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں اس کا باپ اور سوتیلی ماں فرزانہ بی بی موقع پر دم توڑ گئیں جبکہ اس کا سوتیلا ڈیڑھ سالہ بھائی شدید زخمی ہو گیا۔ رائیونڈ سے نامہ نگار کے مطابق باپ اور سوتیلی ماں کو سوتے میں گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔