ٹریفک حادثات میں 2افراد جاں بحق، 4 شدید زخمی
لاہور (نامہ نگار ) شہر میں ٹریفک حادثات کے مختلف واقعات میں دو افراد ہلاک اور چار شدید زخمی ہوگئے ،زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال پہنچادیا گیا ہے۔ رائیونڈ کے علاقے رائیونڈ روڈ پر پاجیاں سٹاپ کا رہائشی شریف کسی کام کے سلسلہ میں پیدل جا رہا تھا کہ پیچھے سے آنے والی تیز رفتار کار نے اس کو ٹکر مار دی جس کے باعث وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ شیرا کوٹ کے علاقے میں بابو صابو موٹر وے انٹر چینج کے قریب تیز رفتار کار نے پیدل سٹرک عبور کرنے والے شخص کو کچل کر ہلاک کر دیا اور فرار ہو گیا۔ دیگر واقعات میں برکی کے علاقے میں تیز رفتار ویگن نے موٹرسائیکل سواروں مسعود اور ظفر کو ٹکر مار کر شدید زخمی کر دیا ۔ نشتر کالونی کے علاقہ بینک سٹاپ کے قریب کار اور موٹرسائیکل کے درمیان تصادم کے باعث وحید اور شریف زخمی ہوگئے۔