لاہور ‘ رائیونڈ : ٹریفک حادثات میں لڑکی سمیت 3 افراد جاں بحق

لاہور ‘ رائیونڈ : ٹریفک حادثات میں لڑکی سمیت 3 افراد جاں بحق

لاہور+ رائیونڈ (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) ٹریفک حادثات میں جواں سالہ لڑکی سمیت 3 افراد جاں بحق ایک زخمی ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق یکی گیٹ کے علاقہ میں موٹرسائیکل کے چین میں دوپٹہ پھنس جانے سے 18 سالہ سدرہ سڑک پر گر گئی اور پیچھے سے آنیوالے تیز رفتار ٹرک کی زد میں آکر ہلاک ہو گئی پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کرکے ٹرک قبضہ میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق سدرہ، کاشف کے ساتھ موٹرسائیکل پر جا رہی تھی کہ اس کا دوپٹہ موٹرسائیکل کے چین میں پھنس گیا جس سے وہ سڑک پر گر گئی اور پیچھے سے آنیوالے تیز رفتار ٹرک نے اسے کچل دیا جس سے وہ شدید زخمی ہو گئی اسے طبی امداد کیلئے فوری طور پر مقامی ہسپتال لیجایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔ دریں اثناء ماڈل ٹاﺅن کے علاقہ ای بلاک میں تیز رفتار کار بے قابو ہوکر درخت سے ٹکرا گئی جس سے کار کا ڈرائیور عمران شدید زخمی ہو گیا طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔ علاوہ ازیں جمعرات کی شب لکی تھیٹر رائے ونڈ کا مالک لیگی کارکن مہر نیامت موٹر سائیکل پر لاہور جاتے ہوئے لاہور روڈ چوڑ پورہ سٹاپ پر سامنے سے آنے والی تیز رفتار ویگن کی زد میں آکر جاں بحق ، پارٹنرفنکار یوسف چن شدید زخمی ہوگیا، ویگن ڈرائیور موقع سے فرار، متوفی مہر نیامت کی جیب میں موجود 70ہزار کی رقم بھی غائب پائی گئی، شدید زخمی نوجوان کو سول ہسپتال لایا گیا تو وہاں کوئی ڈاکٹر یا دیگر عملہ موجود نہ تھا،سرکاری ایمبولینس کے ڈرائیور حمیدکے ڈیڑھ گھنٹے بعد بھی موقعہ پر نہ آنے پر بگڑتی حالت کے پیش نظرشدید زخمی یوسف کو جناح ہسپتال بھجوانا پڑا، لواحقین کا شدید احتجاج، صورت حال کی اطلاع پاکر صوبائی وزیر چودھری عبدالغفور نے اپنے بھائی چودھری عبدالشکور کو فوری طور پر ہسپتال بھجوایا ،بعد ازاں صوبائی وزیر کے حکم پر محکمہ صحت کے حکام نے سول ہسپتال کے ڈاکٹر اشرف اور دیگر عملہ کو معطل کردیا۔