ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہونیوالے تاجر کے ورثاء کا احتجاج ،پولیس کیخلاف نعرے

لاہور(نامہ نگار)سبزہ زار کے علاقہ سید پور میں ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہونے والے شاہ عالم مارکیٹ کے تاجر حاجی ذوالفقار کی نعش پولیس نے پوسٹمارٹم کے بعد اس کے ورثاء کے حوالے کر دی جبکہ انویسٹی گیشن پولیس اس خونی واردات میں ملو ث ملزمان کا تا حال کوئی سراغ نہیں لگا سکی اور نہ ہی اس حوالے سے درج ہونے والے مقدمے کی تفتیش میں اب تک کوئی اہم پیش رفت سامنے آ سکی۔ مقتول ذوالفقار کی نعش جب اس کے گھر پہنچی تو وہاں کہرام برپا ہو گیا اس کے اہلخانہ و دیگر عزیز و اقارب اس کی نعش سے لپٹ کر زار وقطار روتے رہے۔ بعد ازاں مقتول کو سینکڑوں سو گواروں کی موجودگی میں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ اس موقع پر مقتول کے اہلخانہ اور مقامی افراد نے ڈکیتی قتل کے اس افسوسناک واقعہ میں ملوث ملزمان کی عدم گرفتاری پر پولیس کے خلاف زبردست احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی بھی کی ، پولیس کے مطابق قتل، ڈکیتی مزاحمت نہیں بلکہ دیرینہ دشمنی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے تا ہم مختلف پہلوئوں پر تفتیش جاری ہے۔