بھائی نے بہن‘ مسلح افراد نے نان بائی‘ بچوں کے جھگڑے پر نوجوان قتل

بھائی نے بہن‘ مسلح افراد نے نان بائی‘ بچوں کے جھگڑے پر نوجوان قتل

لاہور (نامہ نگار) شفیق آباد کے علاقہ میں نامعلوم شخص نے فائرنگ کر کے تندور پر روٹیاں لگانے والے تین بچوں کے باپ کو موت کے گھاٹ اتار دےا اور فرار ہو گئے۔ باغ منشی لدھاکا رہائشی محمد رب نواز کام سے واپس گھر آرہا تھا کہ نامعلوم افراد نے اس پر اندھادھند فائرنگ کر دی۔ رب نواز کو تشویشناک حالت میں طبی امداد کے لئے ہسپتال پہنچایا گیا۔ مگر وہ جانبر نہ ہو سکا اور اس نے دم توڑ دےا۔ قصبہ ٹھٹھ لنگیاں دا (فیض پور) میں گھریلو جھگڑے پر نوجوان نے سگی بہن مار ڈالی۔ ٹھٹھ لنگیاں دا کے رہائشی نوجوان فیصل کا اپنی بہن ادیبہ رانی بی بی 22 سالہ کے ساتھ گھریلو کام کاج نہ کرنے پر جھگڑا ہوا جس پر فیصل نے اپنی بہن کے گلے میں رسی کا پھندا ڈال کر اسے پھانسی دے کر ہلاک کر دیا۔ لاہور روڈ پر واقع آبادی میں بچوں کی ٹرالی کے تنازع پر عباس عرف لالی‘ الیاس نے بھائی کی مدد سے ڈنڈے مار مار کر اپنے ہمسایہ اکرم مسیح 30 سالہ کو ہلاک کر دیا۔ مقتول کی نعش پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی گئی۔