سینیٹ کے250سیشن کی ساتویں نشست بھی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان’’ دوستانہ ماحول‘‘ کی وجہ سے حکومت کیلئے کوئی پریشان کن صورت حال پیدا نہیں ہوئی،راجہ محمد ظفر الحق ایوان کا ماحول ٹھیک رکھنے میں کا میاب ہیں، چوہدری اعتزاز احسن بھی کچھ دنوں سے ’’خاموش خاموش ‘‘ دکھائی دیتے ہیں، ویسے بھی اپوزیشن منقسم ہونے کی وجہ سے حکومت کو ٹف ٹائم نہیں دے رہی ۔ اس لئے ایوان میں کوئی ہنگامہ ہو رہا ہے کچھ دنوں سے پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے درمیان فاصلے پیدا ہو گئے تھے لیکن الیکشن کمشن کے ارکان کی تقرری اور تحریک انصاف کی طرف سے ایجی ٹیشن کے یک طرفہ اعلان نے متحدہ اپوزیشن میں تقسیم کو نمایاں کر دیا ہے ،حکومت متحدہ اپوزیشن میں پیدا ہونے والی دراڑوں سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ جب سے وزیر اعظم محمد نواز شریف وطن واپس آنے کے بعد دار الحکومت اسلام آباد میں ڈیرے ڈال دئیے ہیں حکومت اور سیاسی امور پر ان کی گرفت مضبوط ہو گئی ہے ،آزاد جمو ںکشمیر میں انتخابی معرکہ سر کرنے کے بعد وزیر اعظم کا ’’مورال ‘‘ بلندہو گیا ،پارلیمنٹ پر منڈلانے والے ’’سیاہ بادل ‘‘ چھٹ رہے ہیں ، وزیر اعظم آنے والے دنوں میں تمام سیاسی چیلنجوں کا خود مقابلہ کریں گے اور ہر قسم کے سیاسی دبائو کو غیر موثر کرنے کیلئے خود میدان میں اتریں گے ،پھر کالا باغ ڈیم کی تعمیر کی باز گشت سنی گئی ۔میاں رضا ربانی جنہوں نے وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف سے ان کی ایوان میں اس حد تک ناراض ہوئے تھے کہ ان کا ایک سیشن کے لئے داخلہ بند کر دیا تھا ۔سینیٹ میں پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک منصوبے بارے معاہدے کے اہم نکات زیر بحث لانے کیلئے سینیٹر جہانزیب جمالدینی کی تحریک التوا بحث کیلئے منظور کرلی گئی۔سینٹ سیکرٹریٹ چیئرمین سینیٹ کی ہدایت کی روشنی میں تحریک التوا پر بحث کیلئے تاریخ اور وقت کا تعین کرے گا۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے ایوان کو نوید سنائی کہ نئے اسلام آباد ایئرپورٹ کا 73 فیصد تعمیراتی کام ہو چکا ہے۔ یمن میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں سے متعلق توجہ مبذول نوٹس کا معاملہ موخر کردیا گیا۔ ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے علاوہ ایجنڈے میں شامل دیگر امور نمٹائے گئے ۔ پارلیمنٹ ہائوس کی لابی میں کامل علی آغا نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کو ظلم و بربریت قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ جوادویا ت حکومت کی طرف سے غریبوں کو مفت ملنی چاہیے تھیں وہ عوام کی پہنچ سے دور کر دی گئی ہیں ،مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ کراچی میں سکیورٹی اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کی ذمہ دار سندھ حکومت ہے ‘ ایوان بالا نے محروم اور پسے ہوئے طبقات کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے ، چیئرمین سینیٹ نے انتہائی حساس معاملے پر بحث کے دوران ایوان میں وزراء کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نظر انداز طبقات کے حوالے سے حکومت کمشن بنائے گی یہ بات احمقوں کی جنت میں رہنے کے مترادف ہے، سینیٹرسعید غنی نے پانامہ لیکس کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن میں بیک ڈور رابطوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ متفقہ ٹی او آرز پر مشتمل پانامہ انکوائری ایکٹ بل ایک دو روز میں سینیٹ میں پیش کر دیا جائے گا،سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری پر تحفظات برقرار ہیں ۔
پارلیمنٹ کی ڈائری
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024