رضا ربانی نے بروقت اجلاس منعقد کرنیکی روایت کی بنیاد رکھ دی

رضا ربانی نے بروقت اجلاس منعقد کرنیکی روایت کی بنیاد رکھ دی

سینٹ کا اجلاس منگل کو بغیر کسی تاخیر کے مقررہ وقت سوا10بجے چیئرمین سینٹ رضا ربانی کی زیر صدارت شروع ہو گیا۔ رضا ربانی نے شروع دن سے اعلان کر دیا تھا وہ اجلاس بروقت شروع کریں گے سو انہوں نے اس بات کی پروا کئے بغیرکہ ایوان میں ارکان کی کتنی تعداد ہے اپنے فیصلے پر سختی سے عمل درآمد شروع کر دیا ہے، انہیں ابتدائی ایام میں کچھ مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا لیکن وہ جلد سینیٹرز کو بروقت اجلاس میں شرکت کرنے کا پابند بنا دیں گے ،حکومتی اور اپوزیشن ارکان کو ایک ایسے چیئرمین سے واسطہ پڑے گا جو’’ قانون قاعدے اور بروقت ‘‘ اجلاس منعقد کرنے کی روایت قائم کرینگے، رضا ربانی نے ایوان کے اندر موبائل فونز اور ٹیبلٹس لانے پر پابندی عائد کر دی ہے، ایک دن کی کارروائی کے دوران 2 توجہ دلائو نوٹس ایجنڈے میں شامل کرنے کیلئے قواعد میں ترمیم جمعرات کو ایوان میں منظوری کیلئے پیش کی جائے گی۔
وقفہ سوالات کے اختتام پر چیئرمین رضا ربانی نے کہا کہ آج کے وقفہ سوالات کے دوران گریڈ 20 کے 6افسران کی گیلری میں موجودگی قابل ستائش ہے، تاہم سوالات جمع کرانے والے سینیٹروں کو بھی ایوان میں موجود ہونا چاہیے۔