راجہ ظفر الحق کی درخواست کے باوجود ایوان بالا کے اجلاس کی کارروائی ’’انگریزی‘‘ میں چلتی رہی
پیر کو سینیٹ کا259واں سیشن شروع ہو گیا ہے سینیٹ کے اجلاس میں کوئی ہنگامہ ہو ا اور نہ ہی شور شرابہ ۔ پیر کو پرائیویٹ ممبرز ڈے تھا لہذا ارکان کا پرائیویٹ ایجنڈا نمٹایا گیا ایوان میں قاید ایوان راجہ محمد ظفر الحق ہمہ وقت موجود رہے تاہم قائد حزب اختلاف چوہدری اعتزاز احسن کی غیر حاضری نوٹ کی گئی وزیر اعظم محمد نواز شریف بھی ایوان بالا میں نہیں آرہے ایوان بالا کے ارکان وزیر اعظم کی آمد کے منتظر ہیں جب اجلاس شروع ہوا تو اس وقت ایوان میں34 ارکان تھے اجلاس کے اختتام پر یہ تعداد کم ہو کر 18رہ گئی چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے پورے اجلاس کی صدارت کی جب کہ کم وبیش تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز نے اجلاس میں شرکت کی۔ چیئرمین سینیٹ کی جانب سے پارلیمانی وفد کا دورہ امریکہ منسوخ کرنے کے فیصلے کو سراہا گیا۔ قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے چیئرمین سینیٹ سے درخواست کی ہے کہ ایوان بالا کی کارروائی چلانے کے لئے اردو زبان استعمال کی جائے۔ تمام خود دار قوموں کا یہی شیوہ ہے، سپریم کورٹ کا بھی یہی حکم ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بل کا ایجنڈا اور بلوں کی کاپی اردو میں بھی ہے لیکن اس معاملے کو دیکھا جائے گا ہیں تاہم اس کے بعد بھی ایوان کی کارروائی انگریزی میں ہی چلتی رہی۔ سینیٹ نے سندھی،پشتو،بلوچی اور پنجابی سمیت 7علاقائی زبانوں کو قومی زبان قرار دینے کیلئے پی پی پی کے سینیٹر کریم احمد خواجہ کے دستور ترمیمی بل 2016کو دوتہائی ووٹ نہ ملنے پر مسترد کردیا۔ سینیٹ میں اپوزیشن ارکان نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے حکومتی کارکردگی پرشدید نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وزیر داخلہ خود ہی دہشت گردوں اور کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کے لئے تذبذب کا شکار ہوںگے تو نیشنل ایکشن پلان کس طرح کامیاب ہو سکتا ہے ، نیشنل ایکشن پلان نان ایکشن پلان بن چکا ، ایک کالعدم تنظیم کے خلاف یو این او کی قرارداد چین کی مدد سے ویٹو کرائی گئی حافظ حمد اللہ نے مدارس کا بھرپور دفاع کیا اور کہا کہ بتایا جائے کہ کن مدارس سے اسلحہ نکلا یا وہاں سے پاکستان مردہ باد کے نعرے لگائے گئے۔ سینیٹر چوہدری تنویر خان نے اسلام آباد دارالخلافہ بزرگ شہریوں بورڈ بل 2017ء پیش کرنے کا بل پیش کیا وزیر مملکت برائے کیڈ طارق فضل چوہدری نے بل کی مخالفت نہیں کی۔ ایوان بالا نے معروف دانشور بانو قدسیہ اور حمیدہ کھوڑو مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کرلی۔ چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے ایوان کو لاہور میں ہونے والے دھماکہ کے بارے میں آگاہ کیا۔ ایوان بالا میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان نے کہا ہے کہ موبائل کمپنیاں عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہیں، ہر کمپنی نے اپنی مرضی کے پیکیج لگا رکھے ہیں، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔سینیٹ کا اجلاس (آج) منگل کی سہ پہر تین بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔
ڈائری