مختلف ( امتیازی ) پالیسیاں اختیار کرنے کو زیر بحث لانے کی متحدہ اپوزیشن کی تحریک التواء کو خلاف ضابطہ قرار
سینیٹ اجلاس میں جہاں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو پھانسی کی سزا دینے کے بارے میں ان کیمرہ بریفنگ دی گئی وہاں شاعر مشرق حضرت علامہ اقبال کو زبردست الفاظ میں خراج عقید ت پیش کیا گیا اس لحاط سے یہ بات کہی جا سکتی ہے کہ سینیٹ میں یوم اقبال بھی منایا گیا۔ حسب معمول ارکان کی حاضری مایوس کن تھی بہر حال چیئرمین میاں رضا ربانی کسی نہ کسی طرح ایوان کی کارروائی میں جان پیدا کرتے رہے ہیں۔ اٹارنی جنرل آف پاکستان اشتر اوصاف علی نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو پھانسی کی سزا کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں زیر سماعت کیس کی تازہ تفصیلات بارے میں ان کیمرہ بریفنگ دی چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے انتباہ کیا ہے کہ اس ان کیمرہ بریفنگ کو افشاء کرنے کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف ضابطہ کار کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے گی انہوں نے پارلیمینٹ ہائوس کے تمام چمبرز میں لگے سپیکرز بند اور وزیٹر، میڈیا گیلریوں میں موجود افراد کو باہر نکلوا دیا مکمل رازداری کو یقینی بنانے کے لئے ایوان کے تمام دروازے بند کر وا دئیے سارجنٹس کا پہرہ لگا دیا ارکان سینیٹ اور سیکریٹریٹ کے ہال میں ڈیوٹی پر موجود اعلٰی افسران کے موبائل فونز سمیت دیگر ڈیوائسز تک بند کروا دیں۔ ذرائع سے خبر شائع کرنے کی سختی سے ممانعت بھی کردی۔ انہوں پہلی بار اس معاملہ پر قدرے سخت لہجے میں احکامات جاری کئے ۔ چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے علامہ محمد اقبال کو اپنے مخصوص انداز میں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے بین الاقوامی سامراجیت وسرمایہ دارانہ نظام کی نشاندہی کی انہوں نے لینن کی بات کی۔ سینٹرتاج حیدر نے کہا کہ انہوں نے لینن ، ،خدا کے حضور،، نظم بھی لکھی ہے قائد ایوان سینیٹر راجہ ظفر الحق کا کہنا تھا کہ ایران سمیت کئی ممالک میں علامہ اقبال کی شاعری کی وجہ سے انقلابی تبدیلیاں آئیں کیا۔ رضا ربانی نے قومی احتساب بیورو کی طرف سے صوبوں کے حوالے سے مختلف ( امتیازی ) پالیسیاں اختیار کرنے کو زیر بحث لانے کی متحدہ اپوزیشن کی تحریک التواء کو خلاف ضابطہ قرار دے کر مسترد کر دیا ، ملزموںکے حوالے سے ،نیب کے متضاد طرزعمل کے خلاف تحریک التواء کے محرکین میں پیپلز پارٹی ، تحریک انصاف ، ایم کیو ایم ، مسلم لیگ (ق) شامل ہیں۔ افغانستان میں داعش میں اضافے اور ان کے پاس امریکی فوجی وسائل کی موجودگی کے بارے میں تحریک التواء مسترد کر دی گئی۔ ایجنڈے پر موجود چاروں تحاریک التواء خلاف ضابطہ ہونے پر مسترد ہوئیں۔ داعش کے بارے میں رضا ربانی نے تحریک کو خلاف ضابطہ قرار دے دیا اپوزیشن کی طرف سے سینیٹر مرتضٰی وہاب کی پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوااور بلوچستان میں کرپشن مقدمات کے حوالے سے نیب کی مختلف پالیسیوں اور حکمت عملیوں کو زیر بحث لانے کی تحریک بھی منظوری حاصل نہ کرسکی۔ محنت کشوں کیلئے بستیوں کی تعمیر کے سوال کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے معاملہ کو متعلقہ مجلس قائمہ کے سپرد کردیا۔دوران اجلاس راجہ ظفرالحق کی جانب سے آگاہی دینے پر تبلیغی جماعت کے جاںبحق 27افراد کی مغفرت کیلئے سینیٹر حافظ حمداللہ نے فاتحہ خوانی کروائی۔