سمجھدار وزیراعظم!

صحافی  |  ریاض الرحمن ساغر

روح جمہور ہے بیمار، وزیراعظم
آپ کے کاندھوں پہ ہے بار، وزیراعظم
کیجئے کہنہ مرض کی تشخیص!
کہیں بڑھ جائے نہ آزار وزیراعظم
عدلیہ، میڈیا، چارہ گر ہیں
آپ نسخہ کے طلب گار وزیراعظم
غور سے سنئے معالج کی بات
چھوڑئیے مفت کی تکرار وزیراعظم
دھمکیاں دیجئے نہ چارہ گر کو
آپ کی دھونس ہے بے کار وزیراعظم
کہیں کہہ دے نہ کوئی بھی منہ پھٹ
ہم کو ایسا نہیں درکار وزیراعظم
کیجئے قومی مسائل پہ نظر
ہے یہی آپ کا کردار وزیراعظم
ملک کے اہم اداروں سے کیوں
آپ ہیں برسرپیکار وزیراعظم
کام کرنے کے جو ہیں وہ کیجئے
ہیں اگر قوم کے غمخوار وزیراعظم
دو برس میں نہیں کچھ بھی پایا
عام انسان ہیں بے زار وزیراعظم
سزا پانے دیں خطا کاروں کو
ان کے مت بنئے طرف دار وزیراعظم
اب شعور آ چکا نسل نو کو
اور ہیں آپ سمجھدار وزیراعظم