پارلیمنٹ کی غلام گردشوں میں وزیراعظم کی ’’اوپن ہارٹ سرجری‘‘ موضوع گفتگو رہی
منگل قومی اسمبلی کا 33 واں سیشن شروع ہو گیا، اسکے ساتھ ہی قومی اسمبلی کا تیسرا پارلیمانی سال مکمل ہو گیا چوتھے پارلیمانی سال کا آغاز آج پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے صدر مملکت ممنون حسین کے خطاب کے بعد ہو گا۔ موجودہ قومی اسمبلی کے تین سالوں میں اہم قانون سازی سمیت آئین میں بیسویں، 21ویں اور بائیسویں ترامیم منظور کی گئیں ،انتخابی اصلاحات کیلئے خصوصی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی گئی جس کی سفارشات پر آئین میں چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کی تقرری کے حوالے سے آئین میں بائیسویں منظور کی گئی ہے۔ چوتھے پارلیمانی سال کا آغاز بھی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے صدر کے خطاب سے ہو گا۔ موجودہ حکومت کا چوتھا بجٹ 3جون کوپیش ہو گا، پی ٹی آئی اور عوامی تحریک کے دھرنوں کے دوران بھی پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس جاری رہا جس سے پارلیمنٹ کے دفاع کی جمہوری طریقہ سے تاریخی مثال قائم کی گئی، ۔ موجودہ اسمبلی کا سب سے خوشگوار پہلو یہ ہے کہ موجودہ پبلک اکائونٹس کمیٹی نے تین سالوں میں 10ہزار سے زائد آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا اور قومی خزانے میں ایک کھرب 19ارب روپے کی ریکوری کرکے جمع کرائے گئے۔ قومی اسمبلی کا یہ اجلاس اس وقت بلا یا گیا جب پوری پارلیمنٹ کی نظریں لندن سے آنے والی خبروں پر لگی ہوئی تھیں۔ وزیراعظم کے کامیاب آپریشن کی خبروں سے حکومتی ارکان کے چہرے کھل اٹھے تھے۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے ایوان کو آگاہ کیا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی اوپن ہارٹ سرجری ہوئی ہے ان کیلئے دعا کی جائے کہ اللہ تعالی انہیں صحت کاملہ عطاء فرمائے اس پر جماعت اسلامی کے شیر اکبر خان نے دعا کروائی۔ پارلیمنٹ کی مسجد میں بھی وزیر اعظم کی صحت یابی کے دعا کا اہتمام کیا گیا مولانا احمد الرحمن نے دعا کرائی، پارلیمانی تاریخ میں پہلی بار ارکان کو وزیر اعظم کی علالت پر اس قدر متفکر پایا، پارلیمنٹ کی غلام گردشوں میں وزیر اعظم کی اوپن ہارٹ سرجری موضوع گفتگو بنی رہی، قومی اسمبلی کا اجلاس 3 جون 2016ء کو طلب کیا گیا تھا لیکن سٹنگ ممبر نوابزادہ اقبال مہدی کے انتقال کی وجہ سے اجلاس پارلیمانی سال شروع ہونے سے قبل محض اس لئے بلا یا گیا پارلیمانی روایت کے مطابق اجلاس کارروائی کے بغیر ملتوی کیا جا ناتھا جو 3 جون 2016ء کو ممکن نہ تھا کیونکہ اس روز بجٹ پیش کیا جانا تھا، اس لئے اجلاس تین روز قبل طلب کر لیا گیا قومی اسمبلی میں جہلم سے مرحوم رکن نوابزادہ اقبال مہدی کے انتقال پر ارکان نے زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا، مرحوم نوابزادہ اقبال مہدی ہر دلعزیز شخصیت تھے، ماحول افسردہ تھا، نوابزادہ اقبال مہدی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس جمعہ 3جون 2016ء کی شام 5بجے ملتوی کر دیا گیا، قبل ازیں قومی اسمبلی کی ہائوس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں بجٹ سیشن کے شیڈول اور ایجنڈے کی منظوری دیدی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار آئندہ مالی سال کابجٹ تین جون کی شام پانچ بجے پیش کریں گے، قومی اسمبلی فنانس بل 2016 کی منظوری 20جون کو دیگی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بجٹ پر عام بحث چھ سے پندرہ جون تک ہو گی۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ بجٹ اجلاس کے دوران ہفتہ کی چھٹی نہیں ہوگی اجلاس روزانہ دن گیارہ سے شام چار بجے تک ہوگا۔
پارلیمنٹ کی ڈائری