پنجاب: بجلی کی پیداوار بڑھانے کے لئے بجٹ میں زیادہ فنڈز مختص کرنے کا فیصلہ

لاہور (کامرس رپورٹر) پنجاب حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں انرجی کی پیداوار میں اضافہ کے لئے خصوصی اقدامات کرنے اور فنڈز میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے یہ بات صوبائی وزیر معدنیات چودھری شیر علی نے گزشتہ روز انرجی، پاور، گیس اور سولر کی نمائش کی افتتاحی تقریب میں کہی۔ نمائش میں پاکستان سمیت چودہ ملکوں جن میں امریکہ، جاپان،بھارت، آسٹریا،یو اے ای اور دیگر ملکوں کے صنعتی اداروں نے جدید ٹیکنالوجیز اور مصنوعات نمائش میں رکھی ہیں جبکہ 100سے زیادہ غیر ملکی مندوبین اس انٹرنیشنل نمائش اور آج انرجی پر ہونے والی کانفرنس میں شرکت کررہے ہیں۔انرجی کے موضوع پر ہونے والی یہ چوتھی بین الاقوامی نمائش ہے ۔ایکسپو سنٹرمیں ہونے والی نمائش کی تقریب میں صوبائی وزیر معدنیات نے کہا کہ پنجاب حکومت نے وزیراعلی میاں شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب سے آئندہ دو سے تین سالوں میں مکمل لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کے لیے جو اقدامات کیے ہیں اس سے نہ صرف پنجاب بلکہ ملکی صنعتوں کی پیداواری اور مقابلہ کی گنجائش میں اضافہ ہوگا۔ اس موقع پر نمائش کے منتظم فیکٹ انٹرنیشنل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلیم خان تنولی نے کہا کہ چودہ ملکوںکے انرجی سے متعلقہ اداروں اور 100سے زیادہ غیرملکی مندوبین کی پاکستان میں آمد اس امر کا واضع ثبوت ہے کہ غیر ملکی ادارے پاکستان میں سرمایہ کاری کو محفوظ تصورکرتے ہیں ۔انھوںنے کہا کہ اس نمائش اور کانفرنس سے عالمی برادری میں پاکستان کا سافٹ امیج بہتر ہوا۔