ٹیوٹا میڈیا انڈسٹری کو ہنرمند افرادی قوت کی فراہمی کیلئے کورسز شروع کریگا

لاہور (وقائع نگار خصوصی) ٹیوٹا میڈیا انڈسٹری کو ہنرمند افرادی قوت کی فراہمی کیلئے ٹریننگ کورسز شروع کرے گا۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز میڈیا ایڈووکیسی سینٹر کے ساتھ مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہو گئے۔ چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ اور چیئرمین میک سکندر حمید لودھی نے ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے۔ اس مفاہمت کا مقصد ذرائع ابلاغ کی صنعت کیلئے ہنر مند افرادفراہم کرنا ہے۔ تین ماہ دورانیہ میڈیا ٹریننگ شارٹ کورسزمیں کیمرہ مین، نان لینئرایڈیٹر اورکنٹرول روم آپریٹر شامل ہیں۔ ان کورسزکو گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی پرنٹنگ اینڈ گرافک آرٹس میںپائلٹ پراجیکٹ کے طور پرمیں شروع کیا جائے گا اور مستقبل میں ٹیوٹا کے دیگر اداروں میں انڈسٹری کی مانگ کو پورا کرنے کیلئے ٹیوٹا اور میک کی باہمی رضامندی سے شروع کئے جائیں گے۔ چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا جواد احمد قریشی، میک کے عہدیداران چیئرمین سکندر لودھی، رائو شاہد، زبیر احمد، جنرل منیجرز ٹیوٹا عبدالقیوم، اظہر اقبال شاد، اختر عباس بھروانہ، اعجاز حمید، ڈائریکٹر (آر اینڈ ڈی) ڈاکٹر افتخار حسین شاہ اور دیگر ٹیوٹا افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مفاہمت کی یادداشت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عرفان قیصر شیخ نے کہاکہ ٹیوٹا اس پائلٹ پراجیکٹ کے لئے جگہ اور ٹریننگ میٹریل فراہم کرے گی جبکہ مشینری و دیگر آلات اور طلباء و اساتذہ کی تربیت فی ٹرینی لاگت میک کو اداکی جائے گی۔ یہ تین ماہ دورانیے کے شارٹ کورسز ہر خاص و عام طلبہ کیلئے پیش کئے جائیں گے۔ ان کورسز میں داخلے کیلئے تعلیمی قابلیت انٹر میڈیٹ /میٹرک ہو گی۔ ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ /پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن امتحان اور سرٹیفکیٹ فراہم کریں گے۔