لاہور چیمبر استثنیٰ سرٹیفیکیٹ اور سٹاک ٹیکنگ سے متعلق مسائل حل کرائے: سٹیل لائن پائپ انڈسٹری ایسوسی ایشن

لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹیل لائن پائپ انڈسٹری ایسوسی ایشن نے لاہور چیمبر پر زور دیا ہے کہ وہ استثنیٰ سرٹیفیکیٹ اور سٹاک ٹیکنگ سے متعلق مسائل حل کرانے میں کردار ادا کرے۔ پاکستان سٹیل لائن پائپ انڈسٹری ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ہاشم کی سربراہی میں ایک وفد نے لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز سے ملاقات کی اور انہیں آگاہ کیا کہ ایف بی آر کے ساتھ ان مسائل کی وجہ سے سٹیل لائن پائپ انڈسٹری بْری طرح متاثر ہورہی ہے کیونکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو انکم ٹیکس آرڈیننس 2001ء کے سیکشن 148کے تحت استثنیٰ سرٹیفیکیٹ اور سیلز ٹیکس ایکٹ 1990ء کے سیکشن 38کے تحت سٹاک ٹیکنگ کے معاملات پر مسائل پیدا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فنانس ایکٹ 2013ء میں 72Bکی شق شامل کرکے وفاقی حکومت استثنیٰ کا عمل بہت آسان کردیا تھا لیکن فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ایس آر او 717(I)/2014 کے ذریعے یہ عمل پھر پیچیدہ کر دیا۔