صنعتوں کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی خوشحالی کا سبب بنے گی: خواجہ خاور رشید

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس انیڈ انڈسٹری کے ایگزیکٹیو ممبر خواجہ خاور رشید نے کہا ہے کہ صنعتی اداروں میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ خوش آئند ہے حکومت اسی طرح کاروباری اداروں اور بڑی مارکیٹوں کو بھی لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے تاکہ کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہو۔ انہوں نے کہا ہے کہ مسلسل بجلی کی فراہمی صنعتی ترقی اور ملک کی خوشحالی کا باعث بنے گی۔ انڈسٹری کا پہیہ چلے گا تو روزگار کے وافر مواقع دستیاب ہوں گے اور ملک سے بے روزگاری کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی اداروں میں لوڈشیڈنگ کے خاتمہ سے ملک کے اندر بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ نئی انڈسٹریز کے قیام سے ملک کے اندر روزگار کے وافر مواقع دستیاب ہوں گے جس سے ملک کے اندر بڑھتی ہوئی بے روزگاری کا بھی خاتمہ ہو گا نیز نئی انڈسٹریز کے قیام سے حکومت کو کثیر زرمبادلہ بھی مہیا ہو گا۔ حکومت صنعتی ماحول اور کاروباری حالات بہتر بنانے کیلئے سیلز ٹیکس کی شرح میں کمی کرے۔