تعمیرات کے شعبہ کی شرح ترقی 11.3فیصد ہو گئی

اسلام آباد (اے پی پی) رواں سال تعمیرات کے شعبہ کی شرح ترقی 11.3فیصد رہی ہے جبکہ اس کا ہدف 5.7 فیصد مقرر کیا گیا تھا۔ تعمیرات کا شعبہ مجموعی قومی پیداوار میں 2.4 فیصد کا حصہ دار ہے۔ پاک چائنا جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شاہ فیصل آفریدی نے کہا ہے کہ چین کے تیار کردہ تعمیراتی سازوسامان کے استعمال کو فروغ دیکر تعمیراتی شعبہ کے اخراجات میں نمایاں کمی کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے دوران بھی تعمیرات کے شعبہ کی شرح ترقی میں نمایاں اضافہ متوقع ہے جس کی بنیادی وجہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں ہونے والا اضافہ ہے جبکہ امن و امان اور بہتر کاروباری سہولیات سے بھی تعمیرات کے شعبہ کی کارکردگی پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔