وزیراعظم نے گیس کی قیمتوں میں 2 سے 4.46 فیصد کمی کی منظوری دیدی

اسلام آباد (وقت نیوز + ریڈیو مانیٹرنگ + ایجنسیاں) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے سوئی گیس کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دیدی ہے۔ گھریلو صارفین کے لئے 2 فیصد جبکہ کمرشل صارفین کے لئے 4.46 فیصد کمی کی گئی ہے۔ کھاد بنانے والے کارخانوں کیلئے ساڑھے 6 سے ساڑھے 7 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔ سیمنٹ کے کارخانوں کیلئے سوئی گیس کی قیمت میں کوئی رد و بدل نہیں کیا گیا جبکہ واپڈا کے تھرمل یونٹوں کے لئے بھی بجلی سستی کی گئی‘ سی این جی بنانے والوں کے لئے بھی گیس کی قیمت میں کوئی رد و بدل نہیں کی گئی۔ آئی پی پیز(بجلی پیدا کرنے والے اداروں) کے لئے بھی گیس کی قیمت میں 4.46 فیصد کمی کی گئی ہے جبکہ معتبر ذرائع کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 روپے سے 8 روپے تک اضافے کی سفارش کردی ہے اور اس حوالے سے اپنی سمری وزارت پٹرولیم کو ارسال کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق اوگرا نے پٹرول کی قیمت میں 6 روپے 20 پیسے فی لٹر‘ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے‘ مٹی کے تیل میں 7 روپے 50 پیسے اور ایچ او بی سی کی قیمت 8 روپے 70 پیسے اضافے کی تجویز دی ہے۔ توقع کی جارہی ہے وزارت پٹرولیم یہ سمری منظوری کیلئے آج (منگل کو) وزارت خزانہ اور وزیراعظم کو منظوری کیلئے بھیجے گی جہاں سے منظوری کے بعد یکم جولائی سے قیمتوں میں اضافہ کردیا جائے گا۔