پی ایم آئی سی اور کارانداز پاکستان کے مابین ثانوی قرضوں کی فراہمی کیلئے معاہدہ طے
اسلام آباد (پ ر) پاکستان مائیکروفنانس انوسٹمنٹ کمپنی ( پی ایم آئی سی) اور کارانداز پاکستان نے ثانوی قرضوں کی فراہمی کے لیے ایک معاہدہ پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت کارانداز پاکستان پی ایم آئی سی کو دو یکساں اقساط میں 3.4بلین روپے کے ثانوی قرضے جاری کرے گا۔ کارانداز پاکستان کے سی ای او علی سرفراز اور پی ایم آئی سی کے سی ای او یاسر اشفاق نے اسلام آباد میں ایک تقریب میں معاہدے پر دستخط کیے۔ اس معاہدے کا مقصد قومی مالی شمولیتی لائحہ عمل ( نیشنل فنانشل انکلوژن اسٹریٹجی) اور مائیکروفنانس گروتھ اسٹریٹجی 2020میں مقرر کیے گئے اہداف کے حصول میں اپنا حصہ ڈالنا ہے۔ پی ایم آئی سی اس ثانوی قرضے کو مائیکروفنانس بینکوں اور غیر بینکاری مائیکروفنانس اداروں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے انھیں طویل مدتی قرضوںکی فراہمی کے لیے استعمال کرے گی۔یہ قرضہ پی ایم آئی سی کے فی پارٹی ایکسپوژر کی حد میں اضافہ کرنے کے علاوہ اسے مائیکروفنانس اداروں کو زیادہ قرضوں کی ادائیگی کے قابل بنائے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کارانداز پاکستان کے سی ای او علی سرفراز نے پاکستان کے قومی مالی شمولیتی لائحہ عمل کی کامیابی میں مائیکروفنانس کی اہمیت پر زور دیا۔پی ایم آئی سی کے سی ای او یاسر اشفاق کا کہنا تھا: پاکستان کے مائیکروفنانس شعبے کے لیے کام کرنے والی تنظیم کی حیثیت سے پی ایم آئی سی ملک میں مالیاتی خدمات کی فراہمی، بالخصوص معاشرے کے محروم طبقات کی ضروریات پوری کرنے کے لیے پرعزم ہے۔