پاکستان میں سرمایہ کاری مستقبل کیلئے سرمایہ کاری کرنا ہے، تمام تر چیلنجوں کے باوجود پاکستان کی معیشت فعال ہے۔ وزیراعظم کا عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس سے خطاب

ڈیووس (آن لائن) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے تجارت کے محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کیلئے کامیاب جمہوری حکومت قائم ہے۔ جمعرات کو یہاں عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس کے موقع پر ممتاز سرمایہ کاروں کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری مستقبل کیلئے سرمایہ کاری کرنا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ٹھوس معاشی بنیادیں سرمایہ کاروں کو مختلف شعبوں میں ملک کی معاشی استعداد تلاش کرنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں مزید غیر ملکی سرمایہ کاروں کی شرکت اور سرمایہ کار دوست اقتصادی پالیسیوں سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ درآمدی ڈیوٹی کے بغیر خام مال کے ساتھ پاکستان کی آزادانہ اقتصادی پالیسیاں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو یکساں مواقع فراہم کرتی ہیں۔