روس اور چین نے عالمی مالیاتی بحران کی ذمہ داری سابق امریکی انتظامیہ پر عائد کردی

ڈیووس (اے ایف پی) روس اور چین نے عالمی مالیاتی بحران کی ذمہ داری سابق امریکی انتظامیہ پر عائد کی ہے۔ جمعرات کو سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم سے خطاب کرتے ہوئے روسی وزیراعظم ولادی میر پیوٹن نے کہا کہ مسائل جنگوں کے ذریعے حل نہیں کئے جا سکتے۔ بارک اوباما کو چاہیے کہ وہ عالمی امور پر تعمیری تعاون کرے۔ انہوں نے روسی فوجی کارروائیوں پر سرمایہ خرچ کرنے کے خلاف ہے کیونکہ جنگوں سے مسائل کو حل نہیں کیا جا سکتا بلکہ مسائل زیادہ بڑھتے ہیں۔ روسی وزیراعظم نے کہا کہ امریکی صدر بارک اوباما عالمی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے تعاون کریں اور تعمیری کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ نئی امریکی انتظامیہ کیلئے نیک خوہشات رکھتے ہیں اور ان سے تعاون کرنے کیلئے تیار ہیں۔ اس موقع پر چینی وزیراعظم وین جیا بائو نے اپنے خطاب میں کہا کہ عالمی اقتصادی بحران کا سامنا سب کو مل کر کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ چینی معیشت روز بروز بہتر ہو رہی ہے اور بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام جاری ہیں۔