سیاسی جماعتیں مسائل کے حل پر متفق ہوجائیں : خورشید احمد
لاہور( اپنے نامہ نگار سے ) سیاسی جماعتوں کو وسیع القلبی کا مظاہر کرتے ہوئے ملک کے غریب عوام کو در پیش مہنگائی ، بے روزگاری سمیت تمام مسائل کے حل کے لئے قابل عمل ایجنڈا پر جلد متفق ہونا چاہیے ۔ جاگیرداری کے فرسودہ نظام کے خاتمہ ، مفت تعلیم کی فراہمی اور قومی اقتصادی خود کفالت کی پالیسی اور قومی صنعت وزراعت کو ترقی دیتے ہوئے ملک میں ہر سال 18 لاکھ لیبر مارکیٹ میں داخل ہونے والے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کے بزرگ راہنما ء خورشید احمد جنرل سیکرٹری ، روبینہ جمیل صدر کنفیڈریشن نے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے جاگیرداروں وسرمایہ داروں اور سیاستدانوں کو ٹیکس ادا کرنا ہوگا اور ان کے 200 ارب ڈالر سوئس بینکوں میں جمع شدہ رقم واپس لانی ہوگی اور قومی اداروں میں کرپشن کے خاتمہ سے ان کی کارکردگی میں اضافہ کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کے راہنمائوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے باہمی مذاکرات سے قومی مسائل حل کرنے کے لئے ایجنڈا پر خود اتفاق کریں اور پاک افواج پر زیادہ بوجھ نہ ڈالیں ۔