حکومت زراعت، لائیو سٹاک کیلئے جامع پالیسیاں مرتب کرے: عبدالباسط
لاہور(نیوزرپورٹر)لاہور چیمبر کے صد عبدالباسط نے کہا ہے کہ حکومت زراعت بالخصوص لائیوسٹاک سیکٹر کے لیے فائدہ مند پالیسیاں تشکیل دے کیونکہ یہ شعبہ معاشی بحالی و ترقی کے عمل میں بنیادی کردار ادا کرسکتا ہے۔ لاہور چیمبر میں کسان ونگ کی جانب سے منعقدہ قائدملت لیاقت علی خان ایوارڈ/گولڈمیڈل تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی معیشت کا دارومدار زراعت پر ہے اور لائیوسٹاک سیکٹر اس کا ایک اہم حصہ ہے، پاکستان چالیس ارب لیٹر سالانہ سے زائد پیداوار کے ساتھ دنیا میں دودھ پیدا کرنے والا چوتھا بڑا ملک ہے لیکن اس سے معیشت کو کوئی خاص فائدہ نہیں ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ جی ڈی پی میں لائیوسٹاک سیکٹر کا حصہ 12%کے لگ بھگ اور اس کی ویلیو زرعی پروڈکٹس سے کہیں زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ لائیوسٹاک سیکٹر کی جانب تھوڑی سی توجہ دیکر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے بہترین نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی اور ایکسپورٹ مارکیٹ میں پاکستانی گوشت کی بہت زیادہ مانگ ہے جس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے اقدامات اٹھانا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ زندہ جانوروں کی برآمد کے بجائے صرف گوشت کی برآمد پر توجہ دی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کیا جاسکے۔