چیف جسٹس افتخار چودھری اور آرمی چیف جنرل کیانی کی خدمات بے مثال ہیں:پیاف

لاہور (کامرس رپورٹر) پیاف نے جسٹس  تصدق حسین جیلانی  کو چیف جسٹس  آف پاکستان  اور لیفٹیننٹ  جنرل  راحیل  شریف  کو آرمی چیف  بنائے جانے کا خیرمقدم  کیا ہے۔ اپنے مشترکہ بیان میں  پیاف کے قائمقام چیئرمین  خامس سعید بٹ اور وائس چیئرمین امجد جاوا  نے  کہا ہے کہ  چیف جسٹس  افتخار چودھری  نے عدل و انصاف  کے لئے  عظیم الشان نظرین اور  عمدہ  ٹارگٹ  دیئے ہیں۔  اپنے جرات مندانہ  اور بے لاگ  فیصلوں  کی وجہ سے  افتخار چودھری  عوام اور غریب   و بے سہارا  طبقات   کی امیدوں کا مرکز بنے۔ پیاف کے رہنماوں نے کہا ہے کہ  اقتدارواختیار  کو خاطر میں لائے  بغیر   افتخار چودھری  کے فیصلے  اسلامی تاریخ کے روشن ابواب  کی  گرد  جھاڑتے رہے۔ نئے سپہ سالار جنرل راحیل شہیدوں کے وارث ہیں، جسٹس تصدق کی تقرری کا خیرمقدم کرتے ہیں۔