صارفین کو 15 روز سے مسلسل بجلی فراہم کی جا رہی ہے: چیف انجینئر لیسکو

لاہور (نیوز رپورٹر) لیسکو کی حدود میں گزشتہ 15 روز سے مسلسل بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ گھریلو صارفین کو 24 گھنٹے اور کمرشل اور انڈسٹری کو بھی بجلی کی مسلسل فراہمی جاری ہے۔ لیسکو چیف انجینئر ارشد رفیق نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کا خسارہ لیسکو میں کافی کم ہے‘ تاہم بہتر مینجمنٹ کرکے صارفین کو 24 گھنٹے بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لیسکو میں ایک نیا سروے کیا جا رہا ہے جس کے تحت تمام گھروں میں اب بجلی سے چلنے والے ہیٹرز کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی سے چلنے والے ہیٹر بھی بجلی کے ضیاع کا سبب بنتے ہیں۔ اس لئے لوڈ میں اضافہ ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے لوڈشیڈنگ ہو سکتی ہے۔ اس   لئے صارفین بجلی کے ہیٹروں سے گریز کریں۔  دوسری  طرف این ٹی ڈی سی کے ترجمان کے مطابق بجلی کا خسارہ ایک ہزار میگاواٹ  رہ گیا ہے۔  بجلی کی جنریشن 11 ہزار میگاواٹ‘ ڈیمانڈ 12 ہزار ایک سو میگاواٹ رہی۔ ہائیڈل سے  4420 میگاواٹ‘ تھرمل سے 1280 میگاواٹ اور آئی پی پیز سے 5400  میگاواٹ بجلی حاصل کی گئی۔