تاجروں کو معاشی ایجنڈے پر اعتماد میں لینا وزیراعظم کا احسن اقدام ہے:طارق مصباح

لاہور (کامرس  رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے معاشی پالیسیوں پر تاجر برادری کو اعتماد میں لینے اور انہیں اپنے معاشی ایجنڈا سے آگاہ کرنے پر وزیراعظم میاں نواز شریف کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام میاں طارق مصباح اور نائب صدر کاشف انور نے کہا کہ یہ حکومت کا بہت مستحسن قدم ہے جس سے نجی شعبے کا حکومت پر اعتماد بڑھے گا اور پبلک پرائیویٹ سیکٹر کے تعلقات مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پالیسیوں میں تسلسل کے لئے ضروری ہے کہ کاروباری برادری کو اعتماد میں لینے کا عمل جاری رکھا جائے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے نجی شعبے کو بزنس اور ایگریکلچر ایڈوائزری کمیٹی میں شامل کرنے سے معاشی بحالی میں بہت مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ نئے اکنامک زونز کے قیام کے لیے تاجر برادری سے تعاون کرنے کا فیصلہ دوررس نتائج کا حامل ہوگا کیونکہ اس سے سرمایہ کاری بڑھے گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس دہندگان کو آنر کارڈز کے اجراء اور زیادہ ٹیکس دہندگان کو ستائشی ایوارڈز دینے سے ٹیکس دینے کا رحجان بڑھے گا۔