پنجاب حکومت کی سی این جی سیکٹر کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی

پنجاب حکومت کی سی این جی سیکٹر کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی

لاہور (نیوزرپورٹر)حکومت پنجاب نے آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کوگیس کی منصفانہ تقسیم اورگیس کاغیر قانونی استعمال روکنے سمیت تمام مسائل کے حل کی یقین دہانی کروا دی۔یہ یقین دہانی وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی ہدایت پر ایم این اے پرویز ملک کی قیادت میں بنائی گئی ایک کمیٹی کے اعلیٰ سطح اجلاس میں کیا گیا جس میںصوبائی وزیر توانائی چودھری شیر علی، سیکرٹری توانائی، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میںسی این جی ایسوسی ایشن کی نمائندگی غیاث پراچہ، عابد حیات، کیپٹن(ر) شجاع، فیاض گیلانی، انجم نیاز اور اشعر حلیم نے کی۔قبل ازیںاے پی سی این جی اے کے رہنماﺅں نے گیس چوری اور گیس کا غلط استعمال کرنے والے عناصر کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ گیس سے بجلی بنانا چاہتے ہیں وہ گیس کے اضافی میٹر لگوائیں۔ سی این جی ایسوسی ایشن کے رہنماﺅں نے کہا کہ دو دن گیس ملنے کی وجہ سے یہ صنعت تباہ ہو رہی ہے جسے فوری آکسیجن دی جائے۔محکمہ ٹرانسپورٹ بیس لاکھ گاڑی مالکان جس میں آٹھ لاکھ پبلک ٹرانسپورٹ شامل ہیں کو ہراساں کر رہا ہے جس کا نوٹس لیا جائے۔غیاث پراچہ نے کہا کہ حکومت دس سالہ سی این جی پالیسی کا اعلان کرے اور ایل این جی درآمد کرنے کے منصوبہ میں سی این جی مالکان کو شامل کرے اور درآمد میںتعاون کرے تاکہ توانائی کا بحران جلد از جلد حل ہوسکے۔