ملاوٹ مافیا نے معاشرے کی جڑیں کھوکھلی کر دیں: بلال یسیٰن
لاہور(نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر خوراک پنجاب بلال یسیٰن نے کہا کہ عوام کو معیاری، محفوظ اشیاءخورد و نوش کی فراہمی کیلئے تمام اقدامات کئے جائیں گے۔ ملاوٹ مافیا اور غیر معیاری خوراک فروخت کرنے والوں کے خلاف بھر پور کریک ڈاﺅن شروع کیا جا رہا ہے۔ افسران پسند و نا پسند کو بالا طاق رکھتے ہوئے کاروائی کریں کسی قسم کا پریشر قبول نہ کریں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی اولین ترجیح ہے کہ لوگوں کو ملاوٹ سے پاک اور اعلیٰ معیاری خوراک مہیا ہو سکے۔ جس کیلئے پنجاب فوڈ آرڈیننس میں تبدیلیاں کر کے قید اور جرمانے کی سزاﺅں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار کمشنر آفس ملتان میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سیکرٹری خوراک پنجاب ڈاکٹر پرویز احمد خان، ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی ڈاکٹر ساجد چوہان ، ڈائریکٹرمحکمہ خوراک پنجاب آصف بلال لودھی بھی موجود تھے۔ وہاڑی ، خانیوال ، لودھراں ، ڈیرہ غازی خان ، لیہ ، راجن پور اور مظفر گڑھ اضلاع کے ڈی سی اوز اور وہاڑی سے ایم پی اے میاں محمد ثاقب خورشید بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک تھے۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ملاوٹ مافیا نے ہمارے معاشرے کو کھوکھلا کر دیا۔