کراچی سٹاک مارکیٹ تیز‘13 ارب 17 کروڑ سے زائد کی سرمایہ کاری

کراچی سٹاک مارکیٹ تیز‘13 ارب 17 کروڑ سے زائد کی سرمایہ کاری

کراچی+ لاہور ( مارکیٹ رپورٹر+ این این آئی) کراچی سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو اتارچڑھاﺅکے بعدتیزی رہی،تاہم کے ایس ای 100 انڈیکس 16200 پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر مستحکم رہا۔ سرمایہ کاری مالیت میں13ارب17 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ، کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت 3.44 فیصد زائد جبکہ64.26فیصدحصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ حکومتی مالیاتی اداروں ، مقامی بروکریج ہاﺅسز سمیت دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے بینکنگ اور سیمنٹ سیکٹر میں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہواٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ایس کی 100انڈیکس 16311پوائنٹس کی بلندسطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا تاہم فروخت کے دباﺅ اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث کے ایس ای 100انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرار نہ رہ سکا تاہم تیزی کا تسلسل سارا دن جاری رہا۔ماہرین اسٹاک کے مطابق کی یوم عاشور پرامن طورگزرنے اور امن وامان کی بہترصورتحال کے باعث سرمایہ کار مارکیٹ میں سرگرم نظرآئے۔ مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس32.89 پوائنٹس اضافے سے 16270.48 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مجموعی طو رپر386 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ، جن میں سے248 کمپنیوں کے حصص کے بھاﺅ میں اضافہ، 123کمپنیوں کے حصص کے بھاﺅ میں کمی جبکہ15 کمپنیوں کے حصص کے بھاﺅ میں استحکام رہا۔لاہور سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز تیزی کا رحجان رہا۔ ایل ایس ای 25 انڈیکس 4.33 پوائنٹس کے اضافہ کے ساتھ 4012.36 پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں مجموعی طور پر 108 کمپنیوں کا کاروربار ہوا 39 کے حصص میں اضافہ 23 کے حصص میں کمی جبکہ 46 کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا ۔ مارکیٹ میں کل 70 لاکھ 10 ہزار حصص کا کاروبار ہوا۔ مارکیٹ میں جن کمپنیوں کے سودے سرفہرست رہے ان میں فوجی سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے 17 لاکھ 43 ہزار حصص فروخت ہوئے سب سے زیادہ اضافہ دین ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ کے حصص میں ہوا جس کی قیمت 1.47 روپے بڑھ گئی اور سب سے زیادہ کمی ہونڈا اٹلس کار لمیٹڈ کے حصص میں ہوئی جس کی قیمت 0.87 روپے کم ہو گئی۔