ٹیکس ادا نہ کرنے والے 31لاکھ افراد کی نشاندہی کر دی: چیئر مین ایف بی آر

ٹیکس ادا نہ کرنے والے 31لاکھ افراد کی نشاندہی کر دی: چیئر مین ایف بی آر

 اسلام آباد(اے پی اے ) فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین علی ارشد حکیم نے کہا ہے کہ ٹیکس ادا نہ کرنے والے 31 لاکھ افراد کی نشاندہی کر دی۔ رواں مالی سال کے دوران 651 ارب روپے ٹیکس کی مد میں اکھٹے کئے گئے۔ ٹیکس ہدف کو 2381ارب سے کم کر کے 2194ارب کر دیا ہے۔ایک انٹرویو میں علی ارشد حکیم نے مزیدکہا کہ قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں سکیمیں پیش کی جائیں گی،اگر منظور ہو گئیں تو 31 لاکھ افراد کو رجسٹرڈ کیا جائے گا جس سے ٹیکس اور جی ڈی پی ہدف12 سے 13 فیصد ہو جائے گا۔ سکیم کے تحت ٹیکس ادا نہ کرنے والے 31 لاکھ افراد پہلے مہینے 40 ہزار،دوسرے مہینے 50 ہزار اور تیسرے مہینے 60 ہزار روپے رجسٹریشن کی مد میں ادا کریں گے۔ پہلے مہینے رجسٹریشن کرانے والے افراد کو ایک فیصد ،دوسرے مہینے ایک اعشاریہ پچیس فیصد جبکہ تیسرے مہینے رجسٹریشن کرانے والوں کو ایک اعشاریہ پانچ فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔ ٹیکس رجسٹریشن نہ کرانے والوں کے شناختی کارڈز منسوخ کر دیئے جائیں گے۔ وزیرمملکت برائے خزانہ سلیم ایچ مانڈوی والا نے کہا کہ ایف بی آر کو چوروں اور ٹیکس بھرنے والوں کے ساتھ ایک جیسا سلوک نہیں کرنا چاہئے بلکہ مستقبل بنیادوں پر ٹیکس ادا کرنے والے افراد کو عزت دینی چاہئے۔