جوار کی فصل کی کاشت کیلئے عمدہ نکاس والی میرا زمین کا انتخاب کریں :محکمہ زراعت

راولپنڈی (این این آئی)محکمہ زراعت پنجاب نے کہاہے کہ جوار کی فصل کی کاشت کیلئے عمدہ نکاس والی میرا زمین کا انتخاب کریں۔ محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان نے کاشتکاروں کو جوار کی کاشت کیلئے زمین کے انتخاب اور تیاری کے حوالے سے آگاہ کیا ہے۔ جوار موسم خریف کی اہم فصل ہے اور جانوروں کا پسندیدہ چارہ ہے۔ اس کے اندر خشک سالی اور گرمی کو برداشت کرنے کی صلاحیت بہت زیادہ ہے۔ جوار کی کاشت کیلئے بھاری میرا زمین موزوں ہے۔ زمین میں پانی کا نکاس اچھا ہونا چاہیے۔ جوار کو ہلکی کلراٹھی زمین پر بھی کاشت کیا جا سکتا ہے۔ جوار کی کاشت کیلئے زمین کا ہموار ہونا اچھی پیداوار کا ضامن ہے۔ اگر پچھلی فصل پرمٹی پلٹنے والا ہل نہ چلایا گیا ہو تو ایک دفعہ مٹی پلٹنے والا ہل اور دو دفعہ کلٹیویٹر بمعہ چلا کر اسے نرم اور بھربھرا کر لیا جائے۔بارانی علاقوں میں سفارش کردہ دو بوری نائٹروفاس کھاد بوائی سے پہلے زمین کی تیاری کے وقت ڈالی جائے۔