بارانی علاقوں میں باجرہ کی کاشت کا موزوں وقت شروع جولائی سے لے کر وسط جولائی تک ہے

راولپنڈی (این این آئی)زرعی ماہرین نے کہا ہے کہ بارانی علاقوں میں باجرہ کی کاشت کا موزوں وقت شروع جولائی سے لے کر وسط جولائی تک ہے ،باجرہ کی فصل سوائے کلراٹھی اور سیم زدہ زمینوں کے ہر قسم کی زمین پر کاشت کیا جا سکتا ہے البتہ اچھے نکاس والی ہلکی میرا زمین اس کی کاشت کیلئے نہایت موزوں ہے۔ اگر پچھلی فصل پرمٹی پلٹنے والا ہل نہ چلایا گیا ہو تو ایک دفعہ مٹی پلٹنے والا ہل اور دو دفعہ کلٹیویٹر بمعہ چلا کر زمین کو نرم اور بھربھرا کر لیا جائے۔ بوائی سے پہلے دو بوری نائٹروفاس کھاد زمین کی تیاری کے وقت ڈالی جائے۔ باجرہ کی ترقی دادہ اقسام ایم بی 87-، بی وائی 18- اور سرگودھا باجرہ 2011 کاشت کریں۔ یہ اقسام اناج اور غلے کیلئے یکساں مفید ہیں۔ چارہ کی فصل کیلئے شرح بیج4 سے 6 کلوگرام فی ایکڑ اور اناج کی فصل کیلئے 2 سے 3 کلوگرام فی ایکڑ استعمال کریں۔