پیاز کی زیادہ پیداوار کیلئے کاشتکار فصل کو بیماریوں سے بچائیں: محکمہ زراعت
لاہور(نیوزرپورٹر)محکمہ زراعت پنجاب کی طرف سے پیاز کے کاشتکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فصل پر حملہ آور ہونے والی بیماریوں پر توجہ دیں تاکہ پیاز کی بھرپور پیداوار حاصل کی جاسکے۔ کاشتکاروں کو بتایا گیا کہ پیاز پر حملہ آور بیماریوں میں ارغوانی جھلساؤ کے حملے کی صورت میں پتوں پر ہلکے جامنی رنگ کے لمبوترے کناروں والے دھبے پڑ جاتے ہیں۔ بیج پیدا کرنے والی ڈنڈی گل سڑ جاتی ہے اور پیاز پر سیاہ دھبے پڑے جاتے ہیں۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ روئیں دار پھپھوندی کی بیماری پتوں اور بیج والے تنوں پر سیاہی مائل روئیں دار دھبوں میں ظاہر ہوتی ہے اگر موسم سرد، ابرآلود اور ساتھ ساتھ ہلکی بارش ہو تو یہ بیماری شدت اختیار کرجاتی ہے۔ کاشتکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان بیماریوں کے تدارک کے لئے جڑی بوٹیوں کی تلفی کریں۔