مہنگی بجلی اور لوڈشیڈنگ صنعتی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے: راجہ عدیل

لاہور(کامرس رپورٹر)تاجر رہنما وانجمن تاجران لوہا مارکیٹ شہید گنج (لنڈا بازار)لاہورکے سینئر نائب صدر راجہ عدیل ایگزیکٹو ممبر پیاف نے نیپرا کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں 33فیصد اضافہ ، آئی ایم ایف کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ کے مطالبہ اور بجلی کی دوبارہ لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہنگی بجلی اور لوڈ شیڈنگ صنعتی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے ۔ سستی بجلی کے حصول کیلئے کالا باغ ڈیم سمیت تمام ذرائع اپنائے جائیں اور صنعتی مقاصد کیلئے بجلی کے نئے ٹیرف مقرر کرکے صنعتوں کو سستی بجلی فراہم کی جائے تاکہ صنعتیں اپنی بھر پور استعداد کے مطابق مصنوعات تیار کرسکیں اور جی ایس پی پلس اسٹیٹس سے بھر پور فائدہ اٹھاکر اپنی مصنوعات  یورپی تجارتی منڈیوں میں بھیج کر ملک کیلئے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کا باعث بنیں، اس طرح ملک معاشی بحران سے بھی باہر نکل آئے گا ۔ نئے سال سے پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ سے مہنگائی کا طوفان آئے گا جس سے غریب اور سفید پوش طبقہ بھی متاثر ہوگا۔