سمگلنگ اور انڈر انوائسنگ کیخلاف ہر ممکن اقدام اٹھا رہے ہیں: لطف اللہ ورک

لاہور (کامرس رپورٹر) چیف کلکٹر کسٹمز لطف اللہ ورک نے کہا ہے کہ سمگلنگ اور انڈرانوائسنگ کے خاتمے میں انتظامی ایکشن، مالیاتی اقدامات اور سب سے بڑھ کر سیاسی عزم بہت اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ۔ وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر انجینئر سہیل لاشاری، نائب صدر کاشف انور، سابق صدور افتخار علی ملک، میاں انجم نثار، سابق نائب صدور آفتاب احمد وہرہ، شفقت سعید پراچہ، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین محمد ہارون اروڑہ، خواجہ خاور رشید، ناصر حمید، طلحہ طیب بٹ، محمد اکرم، محمد افضل چودھری، محمد اسلم اور میاں زاہد جاوید نے اجلاس سے خطاب کیا۔ چیف کلکٹر کسٹمز نے کہا کہ سمگلنگ اور انڈر انوائسنگ کا ناسور نہ صرف قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا رہا ہے بلکہ ایماندار تاجر بھی متاثر ہورہے ہیں لہذا اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ لطف اللہ ورک نے کہا کہ کسٹمز ڈیپارٹمنٹ نجی شعبے اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے درمیان پل کا کردار ادااور تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہا ہے۔