حکومتی اقدامات سے روپیہ مستحکم، قرضوں کا حجم کم ہو گا: نعمان صلاح الدین

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ نعمان صلاح الدین ،سینئر نائب صدر سرفراز احمد صدیقی اور نائب صدر رحمان الحق نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حکومت نے جو اقدامات اٹھائے ہیں اس کے کاروباری برادری سمیت عام آدمی کیلئے بھی مثبت نتائج برآمد ہونگے۔انہوںنے کہا کہ ڈالر کے مقابلہ میں روپے کی قدر مستحکم ہونے سے درآمد ی اشیاء کی لاگت کم ہو گی اورقوت خرید میں بھی اضافہ ہو گا ۔جبکہ روپے کے تناسب سے قرضوں کے حجم میں کمی آئے گی ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ملکی معیشت کو مستحکم بنانے کیلئے بیرونی سرمایہ کاری میں حائل تمام رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے ۔ پاکستان سے ایکسپورٹ میں خاطر خواہ کمی اور امپورٹ میں دن بدن اضافہ ٹریڈ بیلنس کو بری طرح متاثر کر رہا ہے جو کہ ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے۔