آئی ایم ایف نے ایک ارب 30 کروڑ کی قسط جاری کرنے کا عندیہ دیا

واشنگٹن / اسلام آباد (این این آئی) عالمی مالیاتی فنڈ نے واشنگٹن میں جاری اپنے اجلاس کے اختتام پر پاکستان کو قرضے کی ایک ارب 30 کروڑ ڈالرز کی قسط جاری کرنے کا عندیہ دیا ہے تاہم یکمشت دو اقساط کے اجراءکے معاملہ پر فی الحال پیشرفت نہیں ہوسکی۔ آئی ایم ایف نے اصلاح شدہ جی ایس ٹی کے نفاذ ‘ بجلی پر دی جانے والی سبسڈی کے خاتمے اور مالیاتی خسارے کا ہدف پورا کرنے میں ناکامی پر شدید ا عتراضات اٹھائے ہیں۔ ذرائع کے مطابق واشنگٹن میں جاری آئی ایم ایف کے اجلاس میں پاکستانی حکام 2008 کے معاہدے کے تحت حاصل کئے جانے والے قرضے کی باقی رہ جانے والی دونوں اقساط کی یکمشت ادائیگی پر آئی ا یم ایف کو قائل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ بھی واشنگٹن پہنچ کر پاکستان کی معاشی ٹیم کے ساتھ شامل ہوگئے ہیں۔