نواز شریف کے دورہ امریکہ سے سرمایہ کاری کی راہ ہموارہوگی : افتخار ملک

کراچی(کامرس رپورٹر)سارک چیمبر آف کامرس کے نائب صدر ، پلاننگ کمیشن کی ایڈوائزری کمیٹی کے رکن اور سابق صدر ایف پی سی سی آئی افتخار علی ملک نے وزیراعظم میاں نواز شریف اور امریکی صدر بارک اوباما کے درمیان ہونے والی ملاقات کوملکی معیشت کے استحکام کیلئے مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے سربراہاں کے مثبت نتائج برآمد ہونگے اور ملک معاشی بحران سے نکلنے میں کامیاب ہوجائے گا۔افتخار علی ملک نے کہا کہ بارک اوبامااور امریکی حکام کی گفتگوسے اندازہ ہورہا ہے کہ امریکا پاکستان کیلئے نرم گوشہ رکھتا ہے اور وہ چاہتا ہے کہ پاکستان کی اقتصادی صورتحال بہتر ہو اب ہمارے حکمرانوں کا کام ہے کہ کس طرح وہ امریکا کے ساتھ جاری دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط بنانے اورآئی ایم ایف کے چنگل سے نکلنے کیلئے اقدامات کریں ۔ انکا کہنا تھا کہ وزیراعظم نوازشریف اور امریکی صدربارک اوباما کے مابین ملاقات پاک امریکہ تعلقات کونئے رخ پر لے گئی ہے اوردونوں ملکوں کے سربراہان نے باہمی تجارت کوفروغ دینے پراپنی توجہ مرکوز کی ہے ۔