بجٹ میں پٹرولیم مصنوعات اور گیس مزید مہنگی ہونے کا امکان

اسلام آباد (اے این این) نئے بجٹ میں پٹرولیم مصنوعات اور گیس مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے ، پٹرولیم مصنوعات پر ڈویلپمنٹ لیوی 5 روپے فی لیٹر بڑھانے اور گیس پر 5 روپے فی یونٹ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کرنے پر غور، حکومت کو 70 ارب ڈالر کی اضافی آمدن ہو گی، گزشتہ 10 ماہ میں پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسوں سے 200 ارب روپے حاصل ہوئے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت آئندہ مالی سال 2010-11ءکے دوران 70 ارب روپے کا اضافی ریونیو اکٹھا کرنے کے لئے پٹرولیم مصنوعات پر پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کو 5 روپے فی لیٹر بڑھانے اور قدرتی گیس پر 5 روپے فی یونٹ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی لگانے پر غور کر رہی ہے۔ وزارت خزانہ نے اس سلسلے میں وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے مشاورت مکمل کر لی گئی ہے۔ پٹرولی لیوی سے 50 ارب روپے جبکہ گیس پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی سے 20 ارب روپے حاصل ہوں گے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل سید نوید قمر نے اس تجویز کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت پر پہلے ہی سپریم کورٹ کا پریشر ہے کہ عوام کو ریلیف دیا جائے ۔