سندھ میں پانی کی قلت سے کپاس کی فصل متاثر ہونے کا خدشہ
کراچی(کامرس رپورٹر) صوبہ سندھ میں کپاس کی نئی فصل کی جزوی بوائی کے دوران پانی کی شدید قلت کے باعث کپاس کی فصل متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے دوسری جانب روئی سیزن کا اختتام ہونے اور آئندہ دنوں میں گرمی میں اضافہ کے باعث روئی کے وزن میں گھٹائی بڑھنے کے خدشے کی وجہ سے جنرز نے بھی روئی فروخت کرنے کے بعد گندم کی خریداری کیلئے رقم حاصل کرنے کی غرض سے روئی کی فروخت تیز کردی ہے جسکی وجہ سے کاٹن مارکیٹ میں کاروباری حجم میں اضافہ ہو گیا ہے فی الحال جنرز کے پاس روئی کی صرف 4 لاکھ گانٹھوں کا اسٹاک موجود ہے ۔ کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے اسپاٹ ریٹ فی من 6750 کے بھاؤ پر مستحکم رکھا۔ صوبہ سندھ و پنجاب میں روئی کا بھاؤ فی من 6500 تا 7050 روپے رہا۔ کراچی کاٹن بروکرز فورم کے چیئرمین نسیم عثمان نے بتایا کہ اس سال کم فصل کی وجہ سے سیزن اختتام پذیر ہوگیا ہے۔ کل پیداوار ایک کروڑ 7 لاکھ 50 ہزار گانٹھوں کے لگ بھگ ہونے کی توقع ہے۔