پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ’مخنث پاسپورٹ‘ کا اجراءکردیا گیا
پشاور(بیورورپورٹ)پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ’مخنث پاسپورٹ‘ کا اجراءکردیا گیا ہے، حکومت نے پشاور سے تعلق رکھنے والی مخنث کو خصوصی پاسپورٹ جاری کردیاہے۔خصوصی پاسپورٹ حاصل کرنے والی مخنث (خواجہ سرائ)فرزانہ ریاض کا کہنا ہے کہ نیا پاسپورٹ انہیں دنیا بھر میں ایک مخنث کے طور پر اپنی صلاحیتیں منوانے میں مدد فراہم کرے گا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے فرزانہ ریاض نے اس بات کی تصدیق کی کہ انہیں خصوصی پاسپورٹ مل چکا ہے، جس پر جنس کے خانے میں مرد اور عورت کے بجائے ایکس درج ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس سے پہلے ان کے پاس جو پاسپورٹ تھا اس میں ان کی جنس مرد کے طور پر درج تھی، اور اس کو لیتے وقت انہوں نے حکومتی عہدیداروں سے کہا تھا کہ انہیں اس وقت تک پاسپورٹ منظور نہیں ہے جب تک اس میں جنس کے خانے میں مخنث نہیں لکھا جاتا۔نیا پاسپورٹ حاصل کرنے کے بعد فرزانہ ریاض نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب وہ دنیا بھر میں کسی بھی پریشان کے بغیر سفر کرسکتی ہیں،پہلے انہیں کئی عالمی ایئرپورٹس پر مسائل کا سامنا رہتا تھا، کیونکہ ان کی جسمانی ساخت اور پاسپورٹ میں درج جنس میں فرق ہوتا تھا۔خیال رہے کہ فرزانہ ریاض ٹرانز ایکشن خیبرپختونخوا نامی خواجہ سراﺅں کی تنظیم کی صدر بھی ہیں، جو خواجہ سراﺅں کے حقوق سے متعلق کام کرتی ہے۔