مختلف شہروں میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمت میں فرق دور کیا جائے: چودھری شفیق
لاہور (پ ر) حکومت پنجاب کے رمضان پیکیج کے تحت 5 ارب روپے کی سبسڈی سے کھانے پینے کی اشیاءرعایتی قیمتوں پر روزہ داروں کو فراہم کرنے کیلئے رمضان المبارک کے آخری عشرے کے دوران اشیاءضرورت کی قیمتوں اور سپلائی کی صورتحال پر غور کیلئے خصوصی کیبنٹ کمیٹی کا اجلاس سول سیکرٹریٹ لاہور میں منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر صنعت چودھری محمد شفیق نے صوبے کے تمام کمشنرز اور ضلع انتظامیہ کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مختلف شہروں میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمت میں روزانہ کی بنیاد پر تغاوت دور کرنے کیلئے ضروری اقدامات کریں اور خاص طور پر خانیوال، وہاڑی اور دیگر جن اضلاع میں ٹماٹر دوسرے اضلاع سے بہت زیادہ مہنگے فروخت ہو رہے ہیں وہاں ٹماٹر کی سپلائی بڑھائی جائے تاکہ روزہ داروں کو کسی بھی پھل ، سبزی یا زرعی اجناس کی کمی یا مہنگائی کا احساس نہ ہونے پائے۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ عرفان علی، اوردیگر نے بھی شرکت کی ۔
سیکرٹری فوڈ ڈاکٹر پرویز احمد خان سیکرٹری صنعت خالد شیر دل سیکرٹری آئی اینڈ سی فراست اقبال ایڈیشنل اطلاعات و ثقافت سید طاہر رضا نے ہمدانی اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی اجلاس کے دوران ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ نے انتظامی افسران کی جانب سے پیش کی گئی بریفنگز اور ملٹی میڈیا پر پزنٹیشن کے ذریعے رمضان بازاروں اور اوپن مارکیٹ میں قیمتوں کے صورتحال اور گزشتہ سال رمضان المبارک کے دنوں سے ان قیمتوں کا موازانہ کرنے کے بعد اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب صوبے کے 318 رمضان بازاروں میں سے کسی ایک رمضان بازار میں بھی ماہ مقدس کے آخر تک کسی چیز کی کمی نہیں آنے دے گی۔