ترکی کی معیشت بڑی مستحکم ، ترقی کے پیچھے عوام کی انتھک کوششیں شامل ہیں: چیئرمین رومی فورمی لاہور
لاہور (نیوز رپورٹر) چیئر مین رومی فورم لاہور kacmaz mesut نے کہا ہے کہ موجودہ ترکی کی ترقی کے پیچھے عوام کی انتھک کوششوں کاہاتھ ہے سیاسی عدم استحکام کو کم کرنے اور معیشت کو بہتر بنانے کیلئے موجودہ ترکی کے حکمرانوں کا بڑا اہم کردار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں رومی فورم کے زیر اہتمام سنیئر صحافیوں کے دیئے گئے افطار ڈنر کے موقع پر کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آج ترکی کی معیشت بڑی مستحکم ہے جو اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ یہاں پرحالات سرمایہ کاری ،سیاحت اور ثقافت کیلئے بڑے حالات ساز گار ہیں ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت بھی ملک کے اندر انتہا پسندوں کے خاتمے کیلئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے۔ چند سال پہلے ترکی کے حالات بھی نا ساز گار تھے مگر عوام اور ترکی کی موجودہ حکومت کے بہتر اقدامات باعث آج ترکی ترقی کی منازل طے کررہا ہے۔