محکمہ خزانہ پنجاب تمام محکموں کا سہ ماہی بنیادوں پر آڈٹ کرائے گا : تنویر اشرف کائرہ

لاہور (کامرس رپورٹر) پنجاب کے وزیر خزانہ تنویر اشرف کائرہ نے کہا ہے کہ ترقیاتی بجٹ کے استعمال کو بہتر بنانے کیلئے محکمہ خزانہ پنجاب تمام محکموں کا سہ ماہی بنیادوں پر کارکردگی آڈٹ اور ریویو کرائے گا۔ انہوں نے اس امر کا اظہار گذشتہ روز آئی سی ایم اے پی کے زیراہتمام پوسٹ بجٹ سیمینار سے خطاب کے دوران کیا ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کلکٹر سیلزٹیکس سید محمودالحسن‘ لاہور ایوان صنعت و تجارت کی مجلس عاملہ کے رکن شہزاد اعظم خان‘ ہیلی کالج آف بینکنگ اینڈ فنانس کے پرنسپل ڈاکٹر خواجہ امجد سعید‘ آئی سی ایم اے پی کے اعزازی سیکرٹری ضیاالمصطفیٰ اعوان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ترقیاتی بجٹ کے استعمال کا تناسب 70 فیصد تھا جبکہ اس سال حکومت توقع کر رہی ہے کہ 160 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ میں سے 130 ارب روپے استعمال کر لئے جائیں گے جس سے استعمال کا تناسب 80 فیصد تک پہنچ جائیگا۔