توانائی کی ضروریات متبادل ذرائع سے پوری کرنے کیلئے برازیل کی پاکستان کو مدد کی پیشکش
لاہور (نیوزرپورٹر) برازیل کے سفیر کلاڈیولنزنے کہا ہے کہ برازیل توانائی کی ضروریات کا بیالیس فیصد حصہ توانائی کے متبادل ذرائع سے پورا کرتا ہے اور اس سلسلے میں پاکستان کی مدد کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر الماس حیدر اور نائب صدر ناصر سعید سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ سابق صدر افتخار علی ملک، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین امجد علی جاوا، میاں عبدالرزاق، طارق محمود، وقار احمد میاں اور برازیل کے اعزازی قونصل میاں حسن منشاءنے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ سفیر نے کہا کہ توانائی کے متبادل ذرائع کے شعبے میں برازیل کا تجربہ اور مہارت پاکستان کے کام آسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور ڈبل کراپنگ کے ذریعے برازیل نے فی ہیکٹر پیداوار میں نمایاں اضافہ کیا ہے ۔ پاکستانی تاجروں کو اس شعبے میں بھی برازیل کے تجربہ سے استفادہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ برازیل دنیا کی نویں بڑی معیشت اور تجارت و سرمایہ کاری کے لیے بہترین جگہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں بہت سی مشترکہ اقدار اور بہترین سفارتی تعلقات کے باوجود باہمی تجارت کا حجم بہت کم ہے۔ سال 2015ءمیں باہمی تجارت کا حجم بمشکل 369ملین ڈالر تھا جو دونوں ممالک کی پوٹینشل کا عکاس نہیں۔ انہوں نے کہا کہ برازیل ایشیاءمیں نئے تجارتی حصہ داروں کی تلاش کررہا ہے، پاکستانی مصنوعات بہترین اور برازیل کی مارکیٹ میں باآسانی جگہ بناسکتی ہیں۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر الماس حیدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات بہترین اور دوستانہ ہیں جن کی جھلک باہمی تجارت میں بھی نظر آنی چاہیے۔