سٹاک مارکیٹ: ایک ہفتے کے دوران مندا‘ 93 ارب سے زائد خسارہ
کراچی(مارکیٹ رپورٹر) پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں گزشتہ ہفتے کے دوران مندی پر 100 انڈیکس 367.71 پوائنٹس کمی پر3بالائی حدود برقرار نہ رکھ کر49008.00 کی انتہائی نچلی سطح پر رہا۔ ہفتے کے دوران سرمایہ کاری مالیت میں 93ارب 54کروڑ روپے سے زائد کمی رہی۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کے دوران اسٹیل‘ سیمنٹ‘ فیول پاور‘ کمیونیکیشن سیکٹرز سمیت بیشتر حصص کی فروخت دبائو کاشکار‘غیرملکی سرمایہ کا ری میں متواتر کمی اورکئی منفی اطلاعات کے باعث سرمایہ کاروں نے حصص کی منافع کے حصول میں کم داموں خریدوفروخت کرکے اپنے پھنسے ہوئے سرمایہ کے حصول میں سرگرم رہے جس کے نتیجے میں ہفتے کے دوران 100 انڈیکس 367.71 پوائنٹس کمی پر 49008.00 کی نچلی حد پر بند رہا۔ ہفتے کے دوران مارکیٹ میں سرگرم حصص کا دائرہ کار 2106 تک رہا جس میں 692کمپنیوں میں اضافہ‘ 1334 کمپنیوں میں کمی اور80کمپنیوں میں استحکام رہا۔ ہفتے کے دوران سرمایہ کاری کی مجموعی مارکیٹ مالیت میں 93 ارب 54کروڑ 82لاکھ 79 ہزار666 روپے کی کمی رہی جبکہ مجموعی سرمایہ کاری کی مالیت گھٹ کر97کھرب 4ارب 53کروڑ 47لاکھ 5ہزار767 روپے رہ گئی۔ گزشتہ ہفتے کے دوران کاروباری سرگرمی میں 40تا50کروڑ حصص کی زائد کمی ریکارڈ رہی اور مجموعی سودوں میں ایک ارب 60کروڑ 88 لاکھ 62ہزار230 حصص کے کاروبار میں کمی ریکارڈ کی گئی۔