سوئس کمپنی کی پنجاب میں کیمیکلزلیبارٹری سے متعلق مصنوعات کی تیاری میں دلچسپی
لاہور (کامرس رپورٹر)سوئٹرز لینڈ کی معروف کمپنی نے پنجاب میں کیمیکلز اور لیبارٹری سے متعلقہ مصنوعات کی تیاری اور ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک بنانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ اس سلسلے میں سوئٹرز لینڈ میں کیمیکلز کی پیداوار اور لیبارٹریز سے متعلقہ مصنوعات بنانے والی کمپنی میٹروم انٹرنیشنل کے ایگزیکٹو نائب صدر کائی ہیننگ ویہوگر نے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے ایکٹنگ سی ای او محمد مدثر ٹیپو سے خصوصی ملاقات کی اور پنجاب میں سرمایہ کاری کے حوالے سے دستیاب سازگار حالات اور مراعات کو سراہا۔ پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے ڈی جی اور ایکٹنگ سی ای او محمد مدثر ٹیپو نے سوئس وفد کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ پنجاب مستقبل میں سرمایہ کاروں کی جنت بننے جا رہا ہے۔ سی پیک منصوبے کے بعد پاکستان نا صرف ایشیاء بلکہ ایشیاء کو دیگر براعظموں سے ملانے والی اہم دریائی اور زمینی راہداری کا کردار ادا کرے گا اور عالمی سرمایہ کاروں کو اس سنہری موقع سے لازمی فائدہ اٹھانا چاہئیے۔ سوئس کمپنی کے نائب صدر نے پاکستان میں پلاسٹک سے لے کر انرجی کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی صنعتوں کیلئے پروڈکشن یونٹ کے قیام اور ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک تشکیل دینے میں زبردست دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ کائی ہیننگ نے معاشی ترقی کیلئے پنجاب حکومت کے اقدامات کی کھل کر تعریف کی۔